دیگر پوسٹس

تازہ ترین

باب خیبر :قبائلی رہنما کی رہائی کیلئے کل جماعتی کانفرنس، قید ماورائے قانون ہے : اعلامیہ

خیبر (سسدھیراحمدآفریدی)

جمرود میں زوان کوکی خیل اتحاد کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس، ملک نصیر احمد کوکی خیل کی فوری رہائی کا مطالبہ

ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں زوان کوکی خیل اتحاد کے زیر اہتمام ایک اہم آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں اسیر قبائلی مشر ملک نصیر احمد کوکی خیل کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری اور باعزت رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

یہ کانفرنس تاریخی بابِ خیبر کے مقام پر منعقد ہوئی جس کا مقصد ملک نصیر احمد کوکی خیل کی گمشدگی کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا۔ کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں، قبائلی مشران، سماجی کارکنوں، سول سوسائٹی، عوامی نمائندگان اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس میں جماعت اسلامی، پاکستان تحریک انصاف، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام، تحریک کرین پاکستان، باڑہ سیاسی اتحاد سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور عہدیداران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں

اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں جماعت اسلامی کے شاہ جہان آفریدی، شاہ فیصل آفریدی، زرغون شاہ، خان ولی آفریدی، تحریک انصاف کے ایم پی اے و ڈیڈ چیئرمین عبدالغنی آفریدی، زاہد آفریدی، پی ٹی آئی جمرود کے صدر اشفاق آفریدی، عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر عبدالرزاق آفریدی، سلمان آفریدی، سیف اللہ عباس، پیپلز پارٹی کے واحد شاہ آفریدی، مسلم لیگ (ن) کے تحصیل چیئرمین عظمت خان آفریدی، سید غاجان کوکی خیل، صدر باڑہ سیاسی اتحاد ہاشم آفریدی، مفتی کفیل، مولانا مفتی سعید خان، سید کبیر آفریدی، کریم حاجی، شمس الدین (جے یو آئی) اور دیگر شامل تھے۔

مقررین نے اپنے خطابات میں ملک نصیر احمد کوکی خیل کی فوری رہائی ضلع خیبر اور قبائلی علاقوں میں امن کے قیام اور آئینی حقوق کی پاسداری پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک نصیر کا کسی سیاسی جماعت یا گروہ سے کوئی تعلق نہیں، تاہم وہ قبائلی معاشرے میں ایک معتبر اور باوقار شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

قبائلی عوام اپنے مشران کی بے حرمتی اور ماورائے آئین اقدامات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے

کانفرنس کے اختتام پر زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر ملک صفدر آفریدی اور محمد صدیق آفریدی نے دیگر جماعتوں کے نمائندوں کے ہمراہ متفقہ اعلامیہ پیش کیا جس میں کہا گیا کہ ملک نصیر احمد کی جبری گمشدگی قبائلی عوام کے لئے باعثِ تشویش ہے۔ ان کے خلاف درج مقدمات میں عدالتوں سے ضمانت منظور ہو چکی ہے، لہٰذا ان کی مسلسل غیرقانونی حراست ناقابلِ قبول ہے۔

اعلامیہ میں خبردار کیا گیا کہ اگر ملک نصیر احمد کو فوری طور پر رہا نہ کیا گیا تو نہ صرف خیبر بلکہ پورے قبائلی اضلاع میں مزاحمتی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جسے قومی اور بین الاقوامی سطح تک وسعت دی جائے گی۔ اقوامِ متحدہ، ہیومن رائٹس کمیشن اور دیگر عالمی اداروں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر ملک صفدر آفریدی اور دیگر رہنماؤں نے واضح کیا کہ یہ تحریک اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک ملک نصیر احمد کوکی خیل کی باعزت رہائی ممکن نہیں بنائی جاتی۔

کانفرنس میں عوام کی بھرپور شرکت اور مختلف سیاسی و سماجی قوتوں کے اتحاد نے یہ ثابت کیا کہ قبائلی عوام اپنے مشران کی بے حرمتی اور ماورائے آئین اقدامات کو ہرگز قبول نہیں کریں گے، اور وہ امن و انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔