آزادی نیوز
وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لیے صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ایس او پیز نافذ کرنے کے لیے فوج کی خدمات لیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فوج ہمیشہ ملک میں سیلاب زلزلے سمیت تمام قدرتی آفات میں اپنی قوم کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں
پاکستان نے کورونا ویکسین کی ساڑھے 3 کروڑ خوراکیں حاصل کرلیں
کورونا کی بگڑتی صورتحال ،شہروں میں فوج تعینات
23 اپریل کو وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں یہ طے ہوا تھا کہ کووِڈ 19 ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے فوج کی خدمات لی جائیں گی اور انہیں تمام صوبوں میں یہ ذمہ داری دی جائے، اس لیے آج وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے کیوں کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں یومیہ ساڑھے 3 سے 4 لاکھ کیسز سامنے آرہے ہیں ایسی صورتحال میں پاک فوج کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے تا کہ صحیح طور پر کووِڈ 19 کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جاسکے۔
واضح رہے کہ ملک کو کورونا وائرس کی تیسری لہر نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور وبا کے پھیلاؤ میں شدت آتی جارہی ہے، اس دوران صرف اپریل کے مہینے میں 16دن یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 5 ہزار سے زائد رہی۔
دو روز قبل قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ ہم عوام کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کررہے ہیں لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ عوام میں نہ خوف ہے اور نہ احتیاط کررہے ہیں اس لیے وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں جس طرح کورونا وائرس کے کسیز میں جس طرح تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس کو دیکھتے ہوئے میری اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل کریں، ہم بار بار ایس او پیز کا کہتے ہیں پر لوگ اس پر توجہ نہیں دیتے لیکن صرف ماسک لگانے سے ہمارا 50 فیصد مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔