آزادی ڈیسک
وزیر اعظم عمران خان سری لنکا کے دو روزہ سرکاری دورے پر کولمبوپہنچ گئے ہیں۔ انہیں اس دورے کی دعوت سری لنکا کے ہم منصب مہندا راجا پاکسے نے دی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، تجارت و سرمایہ کاری کے مشیر عبدالرزاق داﺅد اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور معاون خصوصی ذوالفقار بخاری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
دورے کے دوران وزیر اعظم سری لنکا کے صدر گوتابایہ راجہ پاکسے اور اپنے منصب مہندا راجا پاکسے سے بات چیت کریں گے۔
اعلیٰ سطح کی بات چیت کے دوران فریقین تجارت، سرمایہ کاری، صحت، تعلیم، زراعت اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیں گے۔
دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔
وزیر اعظم مشترکہ تجارت و سرمایہ کاری کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1948 ءسے مضبوط دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ وزیر اعظم کے دورے سے ان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔