سید کوثر نقوی
ایبٹ آباد
نتھیاگلی میں فائیوسٹار ہوٹل کے قیام پر اظہار تشویش ،منصوبہ قدرتی ماحول کی تباہی کا موجب بنے گا ،گلیات تحفظ موومنٹ کے عہدیداروں نے نتھیاگلی میں گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پانچ ستارہ ہوٹل کے سنگ بنیاد رکھنے کے فیصلہ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے
اور اس منصوبے کے نتیجے میں قدرتی ماحول پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔گلیات تحفظ موومنٹ کے چیئرمین سردار صابر اور جنرل سیکرٹری سردار افتخار نے صحافیوں کو بتایا کہ مجوزہ کثیرالمنزلہ ہوٹل ایوبیہ نیشنل پارک کے جنگلات کو ختم کرکے تعمیر کیا جارہا ہے جس میں سنگین قانونی بےقاعدگیاں اور سقم پائے جاتے ہیں
کیوں کہ اس میں ماحولیاتی تحفظ کونظرانداز کرتے ہوئے جنگلات کو ختم کیا جارہا ،نہ تو ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا گیا اور نہ ہی زمین کا تجزیہ کیا گیا جو کہ جنگلات پرمبنی پہاڑی چوٹیاں پر واقع ہے
تحریک کے نمائندوں کا موقف تھا کہ حکومت کا فیصلہ انتہائی عاجلانہ اور منصوبہ غیرتکنیکی اور غیرپیشہ ورانہ ہے جس میں گلیات کے ماحولیاتی نظام کو پہنچنے والے نقصانات کو نظرانداز کیا جارہاہے
لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے حکومت عوام اور ماحول کے مفاد کیلئے اپنے فیصلے پر فوری نظر ثانی کرے کیوں کہ ان کے خیال میں اس طرح وزیر اعظم عمران خان جنگلات کو بڑھانے اور ماحولیات کے تحفظ کےاپنے وعدے سے خود انحراف کررہے ہیں
یہ بھی پڑھیں
- مانسہرہ میں ایشیاء کی پرندوں کی سب سے بڑی افزائش گاہ کوجدید سہولتیں فراہم
- پلاسٹک کے خطرے سے نمٹنے کیلئے طویل المدت اور ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت
- ہریپور کا ڈیڑھ سو سالہ قدیم فراہمی آب کا نظام جو آج بھی قابل عمل ہے
- سندھ اور پنجاب کے ماحولیاتی تبدیلیوںسے متاثر13 لاکھ کسانوںکی بحالی کا منصوبہ
انہوں نے بیان میں مزید کہا جب عمران خان کو صوبہ خیبرپختونخواہ میں حکومت بنانے کا موقع ملا تو انہوں نے صوبے میں ایک ارب درخت لگانے کا منصوبہ متعارف کروایا اور جب 2018 میں انہوں نے وفاق میں حکومت بنائی تو انہوں نے پورے ملک میں 5 سے 10 ارب درخت لگانے کا اعلان کیا
وزیراعظم اپنے عزم اور وعدے سے منحرف ہورہے ہیں ،سردارافتخار
سردار افتخار کا کہنا تھا تحریک انصاف حکومت نے متعدد بار جنگلات اور ماحولیات کو تحفظ دینے کا عزم ظاہر کیا لیکن اب جو فیصلہ کیا جارہا ہے وہ ان کے وعدوں اور عزم کے بالکل برعکس ہے ،کیوں کہ خیبرپختونخواہ حکومت کی جانب سے نتھیاگلی میں کثیرالمنزلہ ہوٹل کے قیام کی اجازت دینا ملکی قوانین اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے انحراف ہے
انہوں نے کہا سول سوسائٹی ماحول دشمنی پرمبنی اس فیصلے کو سختی سے رد کرتی ہے ،اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس منصوبے پر فوری طور پر کام روکا جائے ،لیکن اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ہم اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا پورا اختیار رکھتے ہیں
محکمہ جنگلی حیات میدان میں تعمیرات روکنے کی ہدایت
دریں اثنا ڈویژنل فارسٹ آفیسر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ایک خط کے ذریعے تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کی ہدایت کی ہے کیوں کہ مذکورہ زمین ایوبیہ نیشنل پارک کے جنگلات کا حصہ ہے
اس خط میں لکھا گیا ہے کہ ماحولیاتی تنوع قانونی 2015 کے تحت نیشنل پارک اور محفوظ قرار دیئے جانے والے علاقوں میں ایسی کثیرالمنزلہ عمارات کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جاسکتی جن سے ماحولیاتی نظام کے متاثر ہونے کا خطرہ ہو