آزادی ڈیسک
رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین اور معروف عالم دین مفتی منیب الرحمن نے حکومت سے معاہدے کے بعد کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی قیادت کی ہدایات پر عمل کریں
وزیرآباد میں کالعدم تحریک لبیک کے دھرنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت نے انہیں یقین دلایا ہے کہ تحریک لبیک پر عائد پابندیاں ایک ہفتے میں ختم ہوجائیں گی ۔جبکہ معاہدہ کے تحت ہم جی ٹی روڈ سے ہٹ جائیں گے اور قیادت جہاں کا حکم دے گی وہاں منتقل ہوجائیں گے
انہوں نے کہا اگر حکومت نے معاہدے کی پاسداری نہ کی تو ہم پہلے سے زیادہ طاقت کیساتھ واپس لوٹ آئیں گے ۔
دوسری جانب راولپنڈی میں سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد دونوں شہروں میں معمول کے مطابق آمدورفت بحال ہونے کے نتیجے میں 12 روز سے پابندیوں اور رکاوٹوں کا شکار شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے
یہ بھی پڑھیں
- پاکستان میں سرما اور احتجاج کا موسم ایک ساتھ،اور ریاستی رٹ
- افغانستان،طالبان اور داعش کی تکون اورخطے کیلئے طویل مدتی خطرات
- افغان ٹرانزٹ ٹریڈکو درپیش رکاوٹیں،مسائل اورمستقبل کے امکانات
- ڈیجیٹل پاکستان نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کی ضمانت، مسائل کا حل
دونوں شہروں کے درمیان متعدد مقامات پر کینٹنر اور رکاوٹیں لگا کر لاہور سے اسلام آباد کی جانب آنے والے مظاہرین کو روکنے کی کوشش میں مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ،البتہ گذشتہ روز حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان معاہدے کے بعد حالات معمول پر آرہے ہیں اور اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان میٹرو بس سروس کو بھی بحال کردیا گیا ہے
البتہ وزیرآباد کے اللہ والا چوک میں دھرنا بدستور جاری ہے اور اردگرد کے تعلیمی و کاروباری ادارے پیر کے روز بھی مکمل طور پربند رہے اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی
اسلام آباد اور لاہور کے درمیان جی ٹی روڈ پر ٹریفک تاحال معطل ہے کیوں کہ چراغ ٹول پلازہ کے قریب مظاہرین کا راستہ روکنے کیلئے کھودی جانے والی خندق بدستور موجود ہے ،
معاہدہ کسی کی شکست نہیں ،اسلام اور پاکستان کی جیت ہوئی
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت جبکہ مفتی منیب الرحمن نے کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے نمائندگی کرتے ہوئے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ حکومت اور کالعدم تحریک کے مابین مذاکرات کامیاب ہوچکے ہیں اور دونوں فریقین معاہدے پر متفق ہوچکے ہیں
مفتی منیب کا کہنا تھا کہ معاہدے کی تفصیلات مناسب وقت پر سامنے لائی جائیں گی ۔تاہم اس معاہدے کے ثمرات اگلے چند روز میں سامنے آجائیں گے ۔
انہوں نے کہا معاہدہ کسی کی فتح یا شکست نہیں بلکہ اس میں صرف اسلام اور پاکستان کی جیت ہوئی ہے
انہوں نے کہا معاہدہ کے تحت وزیر مملکت برائے پالیمانی امور محمد علی خان کی سربراہی میں ایک سٹیئرنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے مفتی غلام غوث بغدادی شریک ہوں گے جبکہ یہ کمیٹی آج سے ہی کام شروع کردے گی
انہوں نے مزید کہا دونوں اطراف سے باہمی اعتماد اور پرامن انداز میں مذاکرات کے بعد معاہدہ طے پایا ہے