آزادی ڈیسک

حزب اختلاف کی جماعتوں نے لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں کےخلاف طاقت کے استعمال پر حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا ہے ،جس کے نتیجے میں تین افراد مارے گئے جبکہ سینکڑوں زخمی  ہوئے

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ردعمل میں کہا انسانوں کا خون بہاناکسی صورتحال میں قابل قبول نہیں ،انہوں نے کہا تاریخ کا سبق یہی ہے کہ تشدد صرف تشدد کو بڑھاتا ہے

انہوں نے کہا  ہمیں مسائل کی جڑکو ختم کرنا ہوگا ،صرف مرض سے لڑنا حکمت نہیں ،سلیکٹڈ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے کیوں گریزاں ہے اور اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بات کیوں نہیں کرتی

یہ بھی پڑھیں 

فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنا مسئلے کا حل نہیں ،عمران خان

فرانس کی اپنے شہریوں کو پاکستان چھوڑنے کی ہدایت

تحریک لبیک پاکستان پر پابندی عائد،قانونی کاروائی کا فیصلہ

انہوں نے گذشتہ روز ہونے والے پرتشدد واقعدات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور معاملات کو بہ احسن نہ سنبھالنا حکومت کی ناکامی اور نااہلی قراردیا

انہوں نے کہا اس طرح کی مذہبی و لسانی جماعتوں کو سیاسی جماعتوں کو کنارے لگانے کےلئے جنرل ضیاء کے دور میں استعمال شروع ہوا ،اور یہ آمرانہ طرز عمل آج بھی جاری ہے

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی سیاسی نظام کو تباہ کرنے کیلئے اس وقت بھی یہی طریقہ کار اختیار کیا گیا

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ریاست شہریوں کے جان و مال کی محافظ ہے ،لیکن اس کی ناکامی نے پورے ملک کو انارکی و بدامنی میں دھکیل دیا ہے انہوں نے کہا تمام معاملات کو آئینی حدود کے اندررہتے ہوئے حل کیا جائے

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سیکرٹری جنرل اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے بھی لاہور واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناموس رسالت مسلم عقائد کی بنیاد ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا

انہوں نے کہا حالیہ واقعات تشویشناک اور افسوسناک ہیں ۔جس سے حکومت کی نااہلی ثابت ہوئی،جس کے نتیجے میں بے گناہوں کی جانیں ضائع ہوئیں جو حکومت کی ناکامی کا اظہار ہے

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا یہی کچھ 2017 میں فیض آباد دھرنے میں بھی ہوا ،جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ کو اس معاملے میں اپنا فیصلہ دینا پڑا

انہوں نے کہا پاکستان میں استحکام اور امن اسی وقت پائیدار ثابت ہوسکتا ہے جب ملکی معاملات آئین اور عوام کی خواہشات کے مطابق چلائے جائیں

دریں اثناءرویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین نے علماء اہل سنت کی جانب سے لاہور واقعہ کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی ۔جبکہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اس کی مکمل حمایت کااعلان کیا