مسرت اللہ جان ،پشاور
جبران شینواری،لنڈی کوتل
بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دینے اور دنیا کو دکھانے آئے ہیں کہ طورخم پر کوئی افغان شہری بطور مہاجر موجود نہیں ہے ،پاک فوج ،ایف آئی اے اور دیگر تمام پاکستانی اداروں نے انتہائی پیشہ ورانہ کردار ادا کیا ہے ۔
بھارت بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہا ہے ،اور میرا یہاں آنے زیروپوائنٹ پر آنے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ہم میڈیا کے ذریعے دنیا کو اصل حقائق دکھا سکیں،اب میں اگلی بار کوئٹہ چمن بارڈر پر جائوں گا
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آج پاک افغان سرحد طورخم زیروپوائنٹ کا دورہ کیا اور مقامی حکام سے ملاقاتیں کیں ،جبکہ سیکورٹی حکام کی جانب سے انہیں پاک افغان بارڈر کے حوالے سے سیکورٹی کے بارے میں بریفنگ دی گئی
بعدازاں قومی و بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا افغانستان میں ہندوستان کو بدترین شکست ہوئی ہے ،این ڈی ایس خود افغانوں کے ہاتھوں مار کھا گئی ہے ،چالیس سال سے غریب افغان شہری پس رہا ہے لیکن اب اس کا اپنا امتحان ہے کہ وہ دنیا کے معیار پر پورا اترے
وفاقی وزیر داخلہ کی طورخم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے دورہ طورخم بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارڈر کی دونوں اطراف پر صورتحال معمول کے مطابق ہے دونوں اطراف سے تجارتی سرگرمیاں بہتر طریقے سے جاری ہیں جبکہ امن اور امان کی صورتحال بھی کافی بہتر ہے.
یہ بھی پڑھیں
- طورخم سے100 سے زائد افغان شہریوںکی پاکستان آمد ،سمگلنگ کی کوشش ناکام
- طورخم کے راستے افغان انڈر 19 ٹیم کی پاکستان آمد
- طورخم بارڈر پر تاجروںکاکسٹم حکام کے رویے پراحتجاج ،آخر حقیقت کیا ہے ؟
- صاحب کا دورہ کابل اورپھر ہر طرف کابلی چائے کے چرچے
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ایک ہی پیغام ہے کہ کسی ملک کو پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس لئے افغانستان حکومت بھی اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں
طالبان حکومت کو تسلیم کرنیکا فیصلہ حکومت نے کرنا ہے مجھ سے نہ پوچھیں
اب یہ خطہ بدلنے جارہا ہے اور یہاں امن و ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے ،اس لئے افغانستان میں امن ہمارا امن اور افغانستان کا استحکام ہمارا استحکام ہے ،پاکستان ،افغانستان ،چین ،روس،وسط ایشیا سے آگے دوحہ تک ایک نیا علاقہ بننے جارہا ہے ،البتہ طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرنا عمران خان اور ان کی حکومت کا کام ہے مجھ سے سرحدوں کی حفاظت کے حوالے سے پوچھیں تو میرا جواب ہوگا میں اپنی پاک فوج اور دیگر تمام اداروں کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں
بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی چھان بین جاری ہے کہ اس حملے کے پس پردہ کون ہیں
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ طورخم بارڈر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں کوئی مہاجر کیمپ نہیں بنایا گیا ہے انڈیا کی حکومت اور میڈیا مہاجر کیمپ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈہ پھیلا رہے ہیں جوکہ سراسر جھوٹ ہیں اس لئے دنیا کے تمام ممالک انڈیا کے جھوٹی پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کا خواہاں ہے اور ہمیشہ افغانستان میں امن کے قیام میں مثبت کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں جس کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا ہے
پاک افغان سرحد پر باڑ امن میں معاون
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے سے امن اور امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے پاک افغان بارڈر طورخم پر پاک فوج، ایف سی اور پولیس اور دیگر جوانوں کی بہتر حکمت عملی کی بدولت سیکورٹی اور امن و امان کی صورتحال میں بہت بڑی بہتری آئی ہے
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا طورخم بارڈر پر ایف آئی اے ایمیگریشن اور دیگر سٹاف میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ دونوں اطراف سے آنے اور جانے والے مسافروں کی پیدل آمدورفت میں مشکلات پیدا نہ ہوں
انہوں نے کہا افغانستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دو طرفہ تجارتی سرگرمیاں مزید بہتر ہو ں گی، طورخم بارڈر پر افغانستان جانے والے مسافروں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی جس کے لئے متعلقہ حکام سے بات چیت کی جائے گی.
وزیر داخلہ شیخ رشید کے دورہ طورخم کے موقع پر بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے جس کے لئے ایف سی، سیکورٹی فورسز، پاک آرمی اور پولیس جوانوں کی بھاری نفری تعینات تھی. بعد میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے طورخم بارڈر زیروپوائینٹ کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا